حیدرآباد ۔ /21 مئی (سیاست نیوز) کمشنر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے سڑکوں کو بہتر بنانے کے علاوہ فٹ پاتھوں کو قابل استعمال بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں کی صورتحال کو بھی درست کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں جو برقی ٹرانسفارمرس شہریوں کیلئے خطرہ کا باعث بنے ہوئے ہیں انہیں ہٹانے کے متعلق منصوبہ بندی کی جائے گی ۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ مرحلہ وار اساس پر یہ کام انجام دیئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں 25 کیلو میٹر روڈ کو بہتر بنایا جائے گا اور یہ پہلا مرحلہ سنٹرل زون کے اہم مقامات پر انجام دیا جائے گا ۔
دوسرے مرحلے سے شہر کے مختلف زونس میں یہ کام انجام دیئے جائیں گے ۔ مسٹر سومیش کمار کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے آج مسٹر سید علی مرتضی رضوی منیجنگ ڈائرکٹر اے پی سی پی ڈی سی ایل مسٹر ڈی رونالڈروز زونل کمشنر سنٹرل زون مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ سنٹرل زون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے فٹ پاتھ اور سڑکوں کی حالت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خراب سڑکوں کی شکایات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے 24 گھنٹے چلائے جانے والے کال سنٹر پر درج کروائیں جس کا نمبر 21111111 ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس نمبر پر درج کروائے جانے والی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔