شہر میں سوچھ سر ویکشن پروگرام کو کامیاب بنانے کی مہم

طلباء کی شراکت داری سے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں سوچھ سرویکشن پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے طلبہ کی شراکت داری سے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے سالارجنگ میوزیم میں بلدیہ کے عہدیداروں کے سوچھ سرویکشن 2018ء کے خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس مناسبت سے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سوچھ سرویکشن کمیٹیوں کے قیام کیلئے زونل و ڈپٹی کمشنرس اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اقدامات کریں اور تعلیمی اداروں میں بیت الخلاؤں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں سے کچرا اکھٹا کرنے والے ملازمین عوام کو سوکھے کچرے اور گیلی کچرے کے فوائد سے آگاہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ چارمینار کے پاس خواتین کے بیت الخلاء میں گندگی ہونے کے تعلق سے ایک طالبہ نے مجھے آگاہ کیا ہے اور شہر کو صدفیصد صاف ستھرا رکھنے کیلئے عہدیداران دلجمعی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ڈپٹی میونسپل کمشنرس سے کہا کہ شہر میں پلاسٹک کوورس کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے گوشت وغیرہ ٹفن باکسوں کے ذریعہ حاصل کرنے پر ابھاریں۔