نواحی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 9 ڈگری
حیدرآباد۔24ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں سردی کی لہر میں تیزی سے اضافہ ہوتا جار ہاہے اورآئندہ چند یوم کے دوران سردی کی لہر میں مزید اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں رات کے آخری پہر کے دوران درجہ حرارت 12تا15 ڈگری ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ موسم سرما کے دوران سردی میں ہونے والے اضافہ کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جاریہ موسم سرما کے دوران سردی کی لہر میں ہونے والے اضافہ کے مختلف اسباب ہیں جن میں سب سے اہم ہر موسم کی شدت میں تیزی سے ہورہا اضافہ شامل ہے۔ شہر کے نواحی علاقوں پٹن چیرو‘ مولی علی ‘ اپل‘ بندلہ گوڑہ‘ شمس آباد‘ آرام گڑھ ‘ عطا پور ‘ ایل بی نگر‘ حیات نگر‘ بی ایچ ای ایل‘ رامنتا پور اور دیگر علاقو ںمیں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 9ڈگری تک ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ شہر کے گنجان آبادی والے علاقو ںمیں سردی کی لہر میں اتنی شدت محسوس نہیں ہورہی ہے لیکن نواحی علاقو ںمیں رات کے اوقات میں سرد ہوائیں بھی چلنے لگی ہیں جو کہ شہریوں کے لئے تکلیف دہ ثابت ہورہی ہیں۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ اس طرح کی سرد ہواؤں میں نکلنا انسان کیلئے نقصاندہ ثابت ہوتا ہے اسی لئے رات کے اوقات میں گھروں سے گرم کپڑوں کے بغیر نکلنے سے اجتناب کیا جانا چاہئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات 10:30 بجے کے بعد سے صبح 6 بجے تک درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ شہر کے کئی علاقو ںمیں رات کے وقت کام کرنے والے مزدوروں کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی مصروف رہنے والے علاقو ںمیں رات میں سردی کی لہر کے سبب سنسان نظر آنے لگے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ ڈسمبر کے اختتام تک سردی کی شدت اسی طرح برقرار رہے گی اور ماہ جنوری کے اوائل میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ جنوری کے دوسرے ہفتہ سے ہی موسمی تبدیلی کا عمل شروع ہوجانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ ضلع عادل آباد‘ نظام آباد کے علاوہ میدک کے درجہ حرارت میں سب سے زیادہ گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ حیدرآباد میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول کے مطابق ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور 23 اور 28ڈگری کے درمیان ہونے کے باعث موسم خوشگوار رہنے لگا ہے۔