گڑھوں سے پاک راستے بنانے نئی ٹکنالوجی کا استعمال، میئر حیدرآباد ماجد حسین کا بیان
حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایک نئی ٹکنالوجی اختیار کرتے ہوئے 90 دن کے اندر جی ایچ ایم سی کے حدود میں سڑکوں پر پائے جانے والے گڑھوں کو بھر دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حیدرآبادی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک بنانے کا اقدام کرتے ہوئے موٹر رانوں کو سہولت بہم پہنچائی جارہی ہے ۔ میئر حیدرآباد محمد ماجد حسین نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے ’’روڈ ڈاکٹر‘‘ کے عنوان سے ہائی ٹیک ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں کے گڑھے بھر دیئے جائیں گے تا کہ راستہ چلنے والوں کے لئے کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ 90 دن کے اندر شہر کی سڑکوں پر ایک بھی گڑھا دکھائی نہیں دے گا ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار نے کہا کہ اس نئے سسٹم سے زیر آب سڑکوں کے گڑھوں کو بھی بھر دیا جائے گا ۔ قبل ازیں اختیار کردہ سسٹم کے ذریعہ گڑھوں کو بھر دیا جاتا تھا تو یہ فوری خراب ہوجاتے تھے تاہم نئی ٹکنالوجی اور سسٹم کے ذریعہ جو گڑھے بھر دیئے جائیں گے وہ ایک سال تک خراب نہیں ہوں گے ۔ اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی نے روڈ ڈاکٹر کے نام سے ایک گاڑی حاصل کرلی ہے اور چار دیگر گاڑیوں کو آوٹ سورسنگ کی بنیاد پر حاصل کرتے ہوئے انہیں پانچ زونس میں تعینات کیا جائے گا ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی گڑھے دکھائی دیں بلدیہ کے ٹال فری نمبر 21111111پر کال کریں اور ان کی کال موصول ہونے کے 12 گھنٹوں کے اندر ہی سڑک کے گڑھے بند کردیئے جائیں تا کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے ۔30 منٹ کے اندر گڑھا بھرنے کا کام پورا کرلیا جائے گا اسی طرح روزانہ 40 مقامات کا احاطہ کیا جائے گا ۔