شہر میں بسوں کی آمد و رفت کو بہتر بنانے اقدامات

بس اسٹاپس پر مہیا سہولتوں کا معائنہ ‘ مسافرین سے بھی رابطہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد سٹی میں آر ٹی سی عہدیداروں نے بسوں کی آمد و رفت میں بہتری پیدا کرنے موثر اقدامات کا آغاز کیا ہے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر بس اسٹاپس اور بس بیز پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ بسوں کو بس اسٹاپس و بس بیز پر روکنے اور نہ روکنے پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ بس اسٹاپس پر بسوں کو نہ روکنے کی عہدیداروں کو موصول ہونے کی متعدد شکایتوں کے پیش نظر ہی آر ٹی سی سٹی ریجن کے بعض اعلیٰ عہدیدار راست از خود بس اسٹاپس کے قریبی فاصلہ پر ٹہر کر بسوں کو تیزی سے آگے لیجانے اور بس اسٹاپس پر بسوں کو روکنے کے طریقہ کار کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس تعلق سے عہدیداران آر ٹی سی اپنے منصوبہ بند انداز میں پروگرام بناتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آر ٹی سی عہدیدار مسافروں سے ربط پیدا کرکے ان کی تجاویز اور مشورے حاصل کرنے کے علاوہ مسافروں کی جانب سے نئی بس روٹس کا آغاز کرنے تفصیلات بھی اکٹھا کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیوٹی سے غفلت و لاپرواہی برتنے والے بس کنڈکٹرس و ڈرائیورس کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر عہدیداران آر ٹی سی سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں بالخصوص سٹی بس ڈرائیورس و کنڈکٹرس کو ہر ماہ خصوصی ٹریننگ کلاسیس منعقد کرنے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔