شہر میں انتخابات کی تیاریوں میں پولیس چوکس

مختلف شعبوں کے عہدیداروں کا ایک روزہ ورکشاپ ‘ کمشنر پولیس کا خطاب
حیدرآباد ۔ /30 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے آج شہر کے تمام عہدیداروں کا ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا جس میں انتخابات کے دوران پولیس کے رول اور انتخابی ضابطہ اخلاق سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ چار گھنٹے طویل ورکشاپ کے دوران کمشنر پولیس نے شہر کے تمام عہدیداروں کو انتخابات کے دوران پولیس بندوبست اور باہر سے آنے والی پولیس فورس کے بارے میں تفصیلات بتائی گئی ۔ اس موقع پر انجنی کمار نے کہا کہ شہر کے ایسے کئی پولیس اسٹیشن اور سب ڈیویژنس ہے جس میں پولیس عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر کئے گئے تبادلوں کے بعد جائزہ حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسٹیشن ہاؤز آفیسرس اپنے علاقے کی فی الفور تفصیلات حاصل کرلیں اور چوکس رہیں ۔ اس موقع پر سٹی پولیس کے دیگر اڈوائزر سری راملو نے بھی پولیس عہدیداروں کو انتخابات کے دوران پیش آنے والی قانونی پیچیدگیوں سے نمٹنے کیلئے تفصیلات بتائے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر پولیس سٹی آرمڈ ریزرو شیوکمار ، ایڈیشنل کمشنر پولیس ایڈمنسٹریشن ٹی مرلی کرشنا نے بھی تمام پولیس عہدیداروں کو یہ مشورہ دیا کہ وہ شہر میں تعینات کی جانے والی پولیس فورس کا استعمال کریں اور اپنے متعلقہ علاقوں کی ایک حکمت عملی بھی تیار کریں ۔