بلدیہ کی نئی ٹیکس پالیسی کا عنقریب اعلان : کمشنر ڈاکٹر جناردھن ریڈی
حیدرآباد۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے آمدنی میں اضافہ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ امکان ہے کہ بہت جلد ’نئی ٹیکس پالیسی‘ کا اعلان ہوگا ۔ آج ایک پریس کانفرنس میں کمشنر بلدیہ نے یہ اِشارہ دیا۔ کمشنر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی میں جائیداد ٹیکس کی وصولی رہائشی سال 2002 اور کمرشیل سال 2007 میں طئے کردہ ہے اور اس پالیسی کے تحت ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ اُس وقت سے ٹیکس کی پالیسی اور قیمتوں کو مقرر کرنے کے نظام میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ جائیداد ٹیکس میں اضافہ پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیداد ٹیکس میں ہر سال یا پھر 5 سال میں ایک مرتبہ ترمیم کی جاتی ہے اور وسائل میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی اے ایس اور سیٹلائیٹ تصاویر سے عمارتوں کیلئے ٹیکس مقرر کرنے کا امکان ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ جائیداد ٹیکس کے مقرر کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شہر کانپور کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانپور میونسپل کارپوریشن میں اس پالیسی پر عمل آوری کی گئی ہے۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے 100 دن منصوبہ بندی پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں واقع سرکلس کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا اور سفارش بھی تیار کرلی گئی ہے اور 100 دن منصوبہ بندی پروگرام کے ذریعہ حکومت تک سفارش کو روانہ کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی حدود میں سرکل کی تعداد میں اضافہ کا ریاستی وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے بھی اشارہ دیا تھا۔