حیدرآباد24جنوری (یواین آئی )شہر حیدرآباد کے لکڑی کا پُل علاقہ میں واقع سیف آباد پولیس اسٹیشن میں پرانی گاڑیوں کو رکھنے کے لئے استعمال کھلی اراضی کو اب روز گارڈن میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جانب سے اس اراضی کو سرسبز پارک میں تبدیل کرنے کی ہدایت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔یہ اراضی خراب منظر پیش کر رہی تھی کیونکہ یہاں پر پولیس کی جانب سے پرانی گاڑیوں کو رکھا جارہا تھا ۔اس اراضی کو اب روز گارڈن میں تبدیل کیاجارہا ہے ۔پولیس اسٹیشن کی پرانی عمار ت کو منہدم کرنے کے بعد اس علاقہ میں پانچ روپئے میں کھانا فراہم کرنے کا اناپورنا سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔مختلف منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلی نے مختلف رنگوں کے پھولوں والے روز گارڈن میں اس اراضی کو تبدیل کرنے کے منصوبہ کو منظوری دی ہے ۔اس گارڈن میں ایک فوارہ ہوگا اور مختلف اقسا م کے پھول ہوں گے ۔اس روز گارڈن میں کام کے لئے کولکتہ کے بعض افراد کی خدمات حاصل کی گئی ہے جو اس گارڈن میں فوارہ اور لینڈ اسکیپ کے کام میں مصروف ہیں۔ان افراد نے توقع کی ہے کہ اندرون چار تا پانچ دن یہ کام مکمل کرلئے جائیں گے ۔