ایرٹیل کی مدد سے تاحال صرف 17 مقامات پر ہی خدمات کا آغاز
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو حکومت تلنگانہ نے وائی فائی سے مربوط کرتے ہوئے مفت وائی فائی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں حکومت تلنگانہ و ایرٹیل کے درمیان ہوئے معاہدے کے فوری بعد 17 مقامات پر وائی فائی خدمات کا آغاز کردیا گیا ۔ لیکن تاحال اس میں وسعت دینے کے تعلق سے کوئی منصوبہ منظرعام پر نہیں لایا گیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد میں فراہم کی جانے والی وائی فائی خدمات کا آغاز ہوئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ گذرچکا ہے اور جن مقامات پر وائی فائی خدمات موجود ہیں وہاں ایک شخص 750 ایم بی تک کا ڈاٹا استعمال کرسکتا ہے ۔ اس ڈاٹا کے استعمال کیلئے بھارتی ایرٹیل کی جانب سے خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل اور ریاست میں ٹی آر ایس کی حکومت کے قیام کے بعد وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا تھا کہحیدرآباد کو وائی فائی سے مربوط کرتے ہوئے شہریوں کیلئے مفت وائی فائی خدمات فراہم کی جائیں گی اور اندرون 4 ماہ شہر حیدرآباد کے 700 کیلومیٹر کے رغبہ کو وائی فائی خدمات سے مربوط کردیا جائے گا ۔ 40MBPS رفتار کے ساتھ فراہم کی جانے والی اس خدمات کا آغاز ایرٹیل کمپنی کے تعاون سے کیا جاچکا ہے اور فی الحال 750 ایم بی سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کیلئے پیاکیج موجود نہیں ہے ۔ حکومت تلنگانہ حیدرآباد کو گلوبل اسمارٹ سٹی کے طورپر فروغ دینے کی کوشش میں مصروف ہے اور اسی سلسلے کی کڑی کے طورپر شہر حیدرآباد کو وائی فائی خدمات سے مربوط کرتے ہوئے عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ایرٹیل کے عہدیداروں کے بموجب فی الحال شہر کے جن 17 مقامات پر وائی فائی خدمات فراہم کی جارہی ہیں وہاں تقریباً 40,000 افراد وائی فائی سہولت سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ استفادہ کنندگان میں تاجرین ، طلبہ ، نوجوانوں کے علاوہ پروفیشنلس بھی شامل ہیںجو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے خود کو عالمی سطح پرسماجی ویب سائیٹس کے توسط سے ماہرین سے رابطہ میں ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر حیدرآباد کو ڈیجیٹل سٹی کے طورپر بھی فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کی صورت میں شہریان حیدرآباد کو آن لائن کئی خدمات حاصل ہوسکتی ہیں جن سے نہ صرف وقت بچایا جاسکتا ہے بلکہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں آئی ٹی سی وقفیت رکھنے والے نوجوان دنیا بھر کی معلومات اکٹھا کرسکتے ہیں۔