گھر گھر کچرا وصولی کو یقینی بنانے کا منصوبہ ، سڑکوں پر کچرا پھینکنے پر کارروائی کی تیاری
حیدرآباد۔4۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد سے کچرا کنڈی برخواست کردی جائیں گی! جی ہاں شہریو ں میں کچرے کی نکاسی کے سلسلہ میں شعور اجاگر کرتے ہوئے کچرا کنڈی کے نظام کو ختم کرنے کے سلسلہ میں بلدی عہدیدار سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد کے رہائشی علاقوں میں مکانات سے کچرے کی وصولی کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے رہائشی علاقوں میں موجود کچرا کنڈی کو برخواست کردیا جائے گا تاکہ شہری کچری صرف بلدی عملہ کے حوالہ کریں اور سڑک پر کچرا کنڈی کا کلچر مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تجرباتی اساس پر کچھ علاقوں سے کچرا کنڈی کو منتقل کرتے ہوئے روزانہ گھر گھر کچرا وصولی کو یقینی بنایا جائے گا اور مکینوں سے کچرا وصول کرتے ہوئے کچرا راست ڈمپنگ یارڈ منتقل کردیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ اس سلسلہ میں تیار کئے جانے والے منصوبہ کو قطعیت دینے سے قبل اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ کن علاقوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے کیمرے بہتر انداز میں لگائے گئے ہیں کیونکہ گھر گھر کچہرا وصولی کے باوجود کچرا کنڈیوں میں کچہرا پھینکنے کے والوں کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔ بتایاجاتاہے کہ کھلے مقامات پر رفع حاجت سے پاک شہر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی نے کھلے مقامات پر کچرا پھینکنے کے خلاف مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بتدریج اس عمل کو انجام دیا جائے گا۔رہائشی علاقوں میں عدم صفائی کی شکایات کے علاوہ کچرے کی نکاسی میں ہونے والی مشکلات و دشواریو ںکو دور کرنے کے لئے جی ایچ ایم سی نے کچرا پھینکنے کی کنڈیوں کی جگہ چھوٹے کچرے کے ڈبے نصب کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس عمل کی شروعات مادھاپور‘ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز ‘ حمایت نگر اور نئے شہر کے دیگر علاقوں سے کی جائے گی جہاں کچرا کنڈیوں کی تعداد کم ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ صفائی کے عہدیدار نے بتایا کہ شہر میں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے عوامی تعاون ناگزیر ہے اور عوامی تعاون کے حصول کیلئے یہ ضروری ہے کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ان میں شعور اجاگر کیا جائے اسی لئے گھر گھر کچرے کی وصولی کے آغاز کے ساتھ ساتھ کچرا کنڈیوں کو منتقل کردیا جائے گا اور اس عمل میں کامیابی کی صورت میں شہر کے تمام علاقوں میں عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صفائی کے عمل کو بہتر بنانے کے علاوہ شہریوں کو بیماریوں سے بچانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔