اربن موبلیٹی انڈیا برائے سال 2017ء کی اختتامی تقریب ‘ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔6نومبر(سیاست نیوز) فرخندہ بنیاد شہر حیدرآباد میںمنعقدہ سہ روزہ اربن موبلیٹی انڈیا برائے سال 2017کا شاندار پیمانے پر آج اختتام عمل میںآیا۔ اختتامی تقریب سے وزیر بلدی نظم ونسق مسٹر کے تارک راما رائو کے علاوہ سکریٹری برائے حکومت ہند مسٹر درگا شنکر مشرا‘ مسٹر نوین متل ‘ فرانس سے آئے مندوبین ڈی بوسیرائو‘اماڈائو با نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر اربن موبلیٹی انڈیا اور کوٹاڈو2017کیلئے بہترین شہری ٹرانسپورٹ پراجکٹ ایوارڈ س دئے گئے ۔ شہر میسور کے علاوہ چینائی‘ کیرالا ‘ مدھیہ پردیش‘ حیدرآبادکو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کرٹانک کے وزیر شہری نظم ونسق حج جناب آر روشن بیگ‘ مدھیہ پردیش کی وزیر شہری نظم ونسق پرنسس مایا سنگھ کے بشمول گریٹر حیدرآباد میونسپل کمشنر جناردھن ریڈی کیرالا ٹریفک پولیس‘ چینائی میٹرو کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وزیر نظم ونسق تلنگانہ کے تارک راما رائو نے شہروں کی بڑھتی آباد ی کے پیش نظر درکار سہولتیں فراہم کرنے میں دشواریوں اور ان کے حل پر روشنی ڈالی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ دیہی علاقوں کو چھوڑ کر عوام شہری علاقوں میںزندگی بسر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے طور طریقہ اور طرز زندگی سے دیہی علاقے کے لوگ کافی متاثر ہورہے ہیں اور شہر کی طرف ان کے بڑھتے رحجان کی ایک وجہہ یہ بھی ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کا تذکرہ کیا او رکہاکہ جہاں شہروں کے اندر اراضیات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیںوہیں حکومت بھی ریاست کے غریبوں کو بہتر طرز زندگی فراہم کرنے ڈبل بیڈروم مکانات کی شہر کے اندر تعمیر کروارہی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ ایک مکان کی تعمیر کیلئے8.71لاکھ روپئے کا خرچ ہورہا ہے جو حکومت برداشت کررہی ہے۔ انہوں نے شہر میںتیزی کیساتھ پائے تکمیل کو پہنچ رہے میٹرو ریل پراجکٹ کا ذکر کیااو رکہاکہ ملک بھر میںسب سے بڑی میٹروریل لائن حیدرآباد میںتعمیر کی جارہی ہے جس کا وزیراعظم نریند رمودی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئیگا۔ کے ٹی آڑ نے حیدرآباد کے بشمول دیگر شہر جن کو جاریہ سال اربن موبلیٹی ایوارڈ سے نوازا گیاہے ان تمام کو مبارکباد پیش کی۔مسٹر درگاشنکر مشرا نے دسویں یو ایم آئی کانفرنس کے علاوہ نمائش اور کوٹاڈو کی 27ویں کانفریس کے کامیاب انعقاد میںحکومت تلنگانہ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہاکہ یوایم ائی کا نظریہ اربن موبلیٹی کے فروغ اور شہری ترقی میںدرکار اصلاحات کے معاون ثابت ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ آئندہ سال 2018میںیو ایم ائی کانفرنس کا انعقاد ناگپور میں ہوگا۔مسٹر مشرا نے تمام ایوارڈ یافتگان کو حکومت ہند کی جانب سے مبارکباد پیش کی ۔