نئی دہلی۔/21نومبر،(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر امکنہ و انسداد شہری غربت مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج شہری حکمرانی ( اربن گورننس) کے فقدا ن پر تشویش کا اظہار کیا اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اُبھرتے ہوئے چیلنجس کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے ملک کے تمام اربن ڈیولپمنٹ آفیسرس سے کہا کہ شہری مجالس مقامی بشمول ان کی معاشی حالت جاریہ پراجکٹس اور دستیاب ذرائع اور مستقبل کے منصوبوں پر وائٹ پیپر جاری کریں۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے آج تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے اربن ڈیولپمنٹ سکریٹریز کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ اعتراف کرنا ہوگا کہ اربن لوکل باڈیز مالیاتی بحران کا شکار ہیں اور وہ نئے چیلنجس کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں
تاہم انہوں نے یہ وضاحت کی کہ ان کا یہ تاثر کسی سیاسی جماعت یا ریاستی حکومت کے خلاف نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر شہری مجالس مقامی کے مسائل یکساں نوعیت کے ہیں حتیٰ کہ بی جے پی کے زیر اقتدار مجالس مقامی بھی مستثنیٰ نہیں ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کو معیاری بنانے کیلئے بلدی عہدیداروں کو خصوصی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے سال ملک کی معاشی ترقی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور اسی مقصد کیلئے شہری حکمرانی کو معیاری بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ 75فیصد آمدنی اور محصول شہری علاقوں سے حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری ترقیات اور تعمیرات امکنہ کے منصوبے میں خانگی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب شہری حکام جوابدہ اور شفاف فیصلے کریں گے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات نے کہا کہ آج کا یہ اجلاس سپریم کورٹ کی ہدایت پر طلب کیا گیا ہے جس نے بے گھر افراد کے لئے مکانات کی فراہمی پر مفاد عامہ کی ایک درخواست پر ہدایت دی تھی۔