حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہر ماہ 17 تاریخ کو سوچھ تلنگانہ و سوچھ حیدرآباد پروگرام منظم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہر حیدرآباد میں عوام کو درپیش مختلف مسائل کی سوچھ حیدرآباد پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر مرحلہ وار اساس پر یکسوئی کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔آج شہر حیدرآباد کے پارسی گٹہ ے مقام پر منظم کردہ سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اس بستی کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں کچرے کے انبار کا تدارک کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد 2500 آٹو ٹرالیوں کو متعارف کرکے گھر گھر سے کچرے کے حصول کو یقینی بنانے اور منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے شہر حیدرآباد کو انتہائی صاف ستھرے شہر میں تبدیل کرنے کیلئے ہر گھر کیلئے کچرا ڈالنے کی بٹیاں فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں شہر حیدرآباد میں ڈرینج نظام کے علاوہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے بھی اقدامات کرتے ہوئے بعض زیر آب آنے والے علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے کوششوںکا آغاز کیا گیا۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کو سلم علاقوں سے پاک بنایا جائے گا
اور اس کے علاوہ اہل غریب طلبہ کو شہری علاقوں میں ڈبل بیڈ روم تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے۔ لاوہ ازیں تمام اہل افراد میں بہت جلد راشن کارڈز اور پنشن فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے شہر میں بعض مقامات پر پائی جانے والی خستہ صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن یا محکمہ عمارات و شوارع کے ذریعہ ان سڑکوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کو پاک و صاف شہر بنائے رکھنے میں مکمل تعاون کرنے کی شہریان حیدرآباد سے پرزور اپیل کی۔ اس موقع پر مسرس پدما راؤ گوڑ، وزیر آبکاری، اسپیشل آفیسرو کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسرس سومیش کمار اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔