شہریان حیدرآباد کو اپنے گھروں پر ترکاری کی کاشت کی سہولت

حکومت سے پچاس فیصد سبسیڈی ، محکمہ باغبانی حکومت تلنگانہ کا اعلان
حیدرآباد۔28اگست ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے شہری اب اپنے گھروں میں اُگائی گئی ترکاری کے استعمال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ باغبانی نے اعلان کیا ہے کہ 50تا 100مربع گز کی کھلی جگہ خواہ وہ بالکونی ہو یا کوئی اور مقام اس پر ترکاریوں کی کاشت کیلئے حکومت کی جانب سے معاونت فراہم کی جائے گی ۔ ترکاریوں کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے افراد جو مکانات ‘بالکونی یا کھلی اراضی پر کاشت کاری کے خواہشمند ہیں انہیں 3000ہزار روپئے سبسیڈی فراہم کی جائے گی جبکہ 50تا 100مربع گز پر کاشت کاری کیلئے یونٹ کا تخمینہ 6000 روپئے لگایا گیاہے ۔ چھ ہزار روپئے کے صرفہ سے شروع ہونے والے اس یونٹ کیلئے حکومت کی جانب سے 3000ہزار روپئے کی رعایت کے ساتھ (1) سلفالین کوور (2) مٹی کا مرکب (3) تخم (4) نیم کی کھاد (5)نیم کا تیل کے علاوہ زرعی اوزار فراہم کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔محکمہ باغبانی کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق اس اسکیم سے استفادہ کے خواہشمند افراد 30ستمبر سے قبل درخواست داخل کرسکتے ہیں اور درخواست فام کے حصول کیلئے استفادہ کنندگان اپنے حصہ کے 3000 روپئے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بحق ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ باغبانی پبلک گارڈن حیدرآباد میں درخواست فارم کی خانہ پوری ‘ رہائش صداقت نامہ کے ساتھ دو تصاویر منسلک کرتے ہوئے داخل کرسکتے ہیں ۔ محکمہ باغبانی کی جانب سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کے ذریعہ شہریان حیدرآباد و سکندرآباد اپنے گھروں میں کاشتکاری کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے کے علاوہ ترکاریوں کی کاشت کے ذریعہ اپنی ضرورت کی بھی تکمیل کرسکتے ہیں ۔ کمشنر محکمہ باغبانی کی جانب سے جاری کردہ اعلان نمبر GG/30/DDH/2014 کے مطابق مکانات میں چھوٹی کھلی اراضیات پر کاشت کاری کے خواہشمندوں کیلئے مکمل تفصیلات فراہم کی گئی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں چھوٹے مقامات پر کاشت کاری کو فروغ دینے کے علاوہ گھروں کی چھتوں ‘ بالکونی کے علاوہ کھلی اراضی پر ترکاریوں کی کاشت یقینی بنانے کیلئے اس منصوبہ کا اعلان کیا گیاہے جس سے کاشتکاری کے خواہشمند استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنا ذوق پورا کرسکیں گے بلکہ انہیں زرعی تجربہ بھی حاصل ہوگا ۔