شہرت کیلئے سلسلہ وار قتل، ایک جنونی قاتل کا اعتراف جرم

پٹنہ۔ /26جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار پولیس نے ایک 22سالہ جنونی قاتل امیت کو اتوار کے دن گرفتار کرلیا ہے جس نے پٹنہ ، ویشالی اور دیگر اضلاع میں 22افراد کا سلسلہ وار قتل کیا ہے۔ اویناش سریواستو عرف امیت جو کہ بہار کے سابق رکن قانون ساز کونسل کے تعلیم یافتہ فرزند ہیں انہیں ضلع ویشالی میں اسوقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ ایک بینک سے رقم سرقہ کرنے کی کوشش میں تھا۔ نفسیاتی امراض کا شکار اور جنونی قاتل جسے گوگل ’’ سائیکو کلر ‘‘ کہا گیا ہے۔ پولیس سے کہا ہے کہ پوچھ تاچھ کیلئے میرا اور آپکاوقت ضائع نہ کریں، میں ہر ایک سوال کا جواب دینے کیلئے تیارہوں ۔ جس پر پولیس ششدر رہ گئی کہ اس نے کس شخص کو پکڑ لیا ہے ۔ پولیس کے بموجب امیت نے جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے ایم سی اے کیا اور اپنے والد لالن سریواستو کی موت تک ایک مشہور آئی ٹی کمپنی میں برسر خدمت رہا۔ جبکہ اس کے والد آر جے ڈی کے سابق رکن قانون ساز کونسل تھے اور سال 2003 میں ان کا پٹنہ میں قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ویشالی ضلع راکیش کمار نے بتایا کہ اویناش نے ایک شخص پپو خاں کے جسم میں32گولیاں پیوست کردی جس نے اس کے باپ کا قتل کیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد اویناش نے سلسلہ وار قتل کی وارداتیں انجام دیں جس میں 4 مہلوکین اس کے والد کے قتل میں ملوث تھے۔ تفتیش کے دوران اویناش نے بتایا کہ اس نے ہندی فلم ’’ گینگس آف  واسع پور 2 ‘‘ کے آخری مناظر سے ترغیب پائی ہے جس میں ایک شخص اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے ایک سیاستداں پر اندھا دھند فائرنگ کردیتا ہے۔ اویناش نے ایک اور سیرئیل کلر رمن راگھوا کا بھی نام لیاہے جس سے 1960 کے دہے میں قتل و خون کرتے ہوئے ممبئی میں دہشت پھیلادی تھی۔پولیس نے اویناش کو ویشالی میں سنٹرل بینک آف انڈیا کا مین شٹر توڑتے ہوئے پکڑ لیا تھا جس نے 3سال کی سزا قید بھگتنے کے بعد جاریہ سال مارچ میں رہا ہوا تھا۔ اویناش نے بالآخر اعتراف کرلیا ہے کہ وہ چاہتا تھا کہ اس کا نام بھی گوگل پر آجائے اور شہرت کے جنون میں سلسلہ وار قتل کئے ہیں۔ تاہم پولیس اس کی حقیقت اور اصلیت کا پتہ چلانے کیلئے ثبوت تلاش کررہی ہے۔