ارکان قانون ساز کونسل کی حلف برداری ، کونسل میں اپوزیشن کے استفسارات پر ڈپٹی چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حکومت شہدائے تلنگانہ کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی اور تشکیل تلنگانہ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے افراد خاندان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا ۔ قائد ایوان قانون ساز کونسل و ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج قانون ساز کونسل میں حلف برداری تقریب کے فوری بعد کانگریس و تلگو دیشم ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ارکان کی حیثیت سے حلف لینے کے فوری بعد کانگریس و تلگو دیشم ارکان قانون ساز کونسل نے شہدائے تلنگانہ کو خراج پیش کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کرسی صدارت پر فائز صدر نشین کونسل مسٹر این ودیا ساگر راؤ نے علحدہ ریاست کے لیے زندگیاں قربان کرنے والوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی کا اعلان کیا ۔ مسٹر ڈی سرینواس نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ارکان کی حلف برداری کے اختتام کے بعد یہ مسئلہ اٹھایا ، اس کے ساتھ ہی تلگو دیشم رکن قانون ساز کونسل سدھاکر ریڈی نے ہماچل پردیش میں پیش آئے سانحہ کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومت سے اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کیا ۔ الحاج محمد سلیم نے اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہماچل پردیش میں بہہ جانے والے نوجوان طلبہ کے خاندانوں کو مدد فراہم کرنے اور حکومت کی جانب سے معاونت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے ایوان کو تیقن دیا کہ حکومت تمام مسائل کی یکسوئی کے متعلق سنجیدہ غور کرے گی اور انہیں امید ہے کہ ایوان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں دیگر جماعتوں کے ارکان ان سے تعاون کریں گے ۔ جناب محمود علی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کی قیادت میں روانہ کردہ ٹیم کے متعلق ایوان کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے طور پر مناسب اقدامات کے ذریعہ راحت کاری اقدامات کو تیز کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اسی دوران جناب الطاف حیدر رضوی نے اپنے خطاب کے دوران ہماچل پردیش میں بہہ جانے والے نوجوانوں کے علاوہ عرش محل کشن باغ میں پولیس کی گولیوں کا نشانہ بننے والوں کے افراد خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عرش محل واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے حکومت سے مکمل تعاون کا تیقن دیا ۔ کانگریس رکن قانون ساز کونسل مسٹر یادو ریڈی کے علاوہ مسٹر ناگیشور راؤ نے بھی ہماچل پردیش واقعہ پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اور ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔۔