شہباز شریف کی وزیر خارجہ چین سے ملاقات

لاہور 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر پنجاب (پاکستان) محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ڑی سے ملاقات کی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ڑی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ہر مسئلہ کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ ترقی کے سفر میں پاکستانی چین کو اپنا ہم قدم پائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سمت درست ہے اور پاکستان کے انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ چینی عوام اور حکومت پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتے ہیں اور پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ چیف منسٹر پنجاب نے چین کے وزیرخارجہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہر دفعہ پہلے سے زیادہ محبت ملتی ہے۔ شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔ چین پاکستان کا ایسا مخلص اور بااعتماد دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ علاقائی و عالمی امور میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی موقف کی تائید کی ہے۔ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تلاش کے کام میں چین کا تعاون اور کردار کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ نواز شریف کے دور میں پاکستان اور چین کے مابین دوستی کے رشتے سود مند معاشی تعلقات میں ڈھل رہے ہیں ۔