شہاب الدین کی رہائی پر بی جے پی کی وضاحت طلبی

پٹنہ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ہفتہ محمد شہاب الدین کی رہائی کے مسئلہ پر ریاستی حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کیلئے سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے آج چیف منسٹر نتیش کمار سے یہ وضاحت طلب کی کہ آر جے ڈی لیڈر کو گیارہ سال قید و بند میں رہنے کے بعد رہائی ملنے کی محرکات کیا تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کا متضاد موقف ناقابل فہم ہے کیونکہ شہاب الدین کی ضمانت پر رہائی سے تنازعہ پیدا ہوگیا اور رہائی کے بعد وہ خود نتیش کمار کے خلاف تنقید کررہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے بعض وزراء کے غیرشائستہ ریمارکس پر اعتراض کیا اور کہا کہ شہاب الدین کی رہائی کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے۔ دریں اثناء حکومت بہار اپوزیشن کی تنقیدوں کے پیش نظر پٹنہ ہائیکورٹ میں شہاب الدین کی ضمانت منظور کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ جنتادل (متحدہ) کے ترجمان اجئے الوک نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے عدالت سے رجوع ہوں۔