حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس نے کہا کہ اگر کوئی ان کے خلاف چیف منسٹر سے شکایت کرنا چاہتا ہے تو وہ اس کے لئے آزاد ہے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ رکن پارلیمنٹ کویتا اور ضلع کے عوامی نمائندوں کی جانب سے چیف منسٹر کو مکتوب اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کے مطالبہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی سرینواس نے کہا کہ ہر کسی کو اختیار ہے کہ وہ پارٹی صدر سے نمائندگی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے قائدین نے صرف ان کے خلاف نمائندگی کی بات کی ہے۔ وہ اس سے پریشان نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ جس پارٹی میں رہے ، اس کے وفادار کی حیثیت سے کام کیا اور اپنی پارٹی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ ڈی سرینواس نے اخباری نمائندوں کے بار بار پوچھے جانے پر ریمارک کیا کہ وہ میرے خلاف نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے میری گردن کاٹنے کی بات تو نہیں کی ؟ بتایا جاتا ہے کہ ڈی سرینواس نے چیف منسٹر کو ان کے مخالفین کی جانب سے مکتوب روانہ کئے جانے کے بعد اپنے حامیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔