شکاگو /27 ستمبر (سید خواجہ ناظم الدین سلیم کا فیکس) اللہ تعالی کے حکم کی تعمیل اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بخوشی و رضا ایثار و قربانی کی مثال تاقیامت دنیا میں مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکنات میں سے ہے۔ شکاگو اور اس کے مضافات کی مساجد و اسلامی مراکز میں نماز عید الاضحی کے موقع پر خطباء، ائمہ کرام، واعظین اور مقررین نے ان حقائق کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام ایک امن و آشتی، بھائی چارگی اور سلامتی کا مذہب ہے، اس کو کسی فرد واحد یا ایک جماعت یا ایک آوارہ کی جانب سے کی جا رہی دہشت کو تمام عالم کے مسلمانوں سے جوڑنا بالکل غلط ہے۔ مقررین نے کہا کہ اسلام اس بات کی قطعی اجازت نہیں دیتا کہ اس کے ماننے والے کسی دوسرے مذہب کے فرد واحد یا جماعتوں کو تکلیف یا اذیت دیں، بلکہ مذہب اسلام دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ شکاگو کے علاوہ ایلی نوائے اسٹیٹ کی مساجد، اسلامی مراکز، بڑے بڑے بینکوٹ ہال اور ہوٹلوں میں بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا، جہاں پر مختلف ممالک کے ہزاروں فرزندان توحید نے نماز عید الاضحی ادا کی۔