اولڈ ملک پیٹ میں المناک واقعہ ، ایک ہی گھر سے دو میتیں اُٹھائی گئیں
حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) شوہر کی موت سے صدمہ کا شکار بیوی بھی کچھ ہی لمحوں میں چل بسی اور ایک ہی مکان سے دو میتیں اُٹھائی گئیں۔ یہ المناک واقعہ واحد نگر اولڈ ملک پیٹ میں پیش آیا جہاں عوام میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ عبدالرحیم نے کل رات اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ جب ان کی بیوی اور بچوں نے یہ منظر دیکھا تو بیوی بے ہوش ہوگئی۔ انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دوسری طرف پولیس چادر گھاٹ نے ضابطہ کی کارروائی پوری ہونے کے بعد شیخ عبدالرحیم کی نعش گھر والوں کے حوالے کردی۔ تب تک ان کی اہلیہ نسیم سلطانہ جو ہاسپٹل میں تھیں، انہیں آخری دیدار کیلئے مکان لایا گیا، لیکن شوہر کا آخری دیدار ہوتے ہی نسیم سلطانہ کی روح بھی پرواز کرگئی۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ 60 سالہ شیخ عبدالرحیم کو 3 لڑکے ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ سعودی عرب میں گذارا، وہ ایک متمول شیخ کے بااعتماد رفیق تھے۔ وہ جنوری میں مستقل طور پر ہندوستان واپس آگئے تھے۔ جب تک سعودی عرب میں تھے، انہوں نے نہ صرف اپنے گھر والوں بلکہ دیگر افرادِ خاندان کا بھی بھرپور خیال رکھا، لیکن مستقل طور پر ملک واپسی کے بعد سے وہ اکثر اپنے بچوں کے بارے میں فکرمند رہا کرتے تھے۔ شیخ عبدالرحیم کی نماز جنازہ مسجد ابوبکرؓ ، تالاب کٹہ میں ادا کی گئیں اور تدفین دائرۂ میر مومن میں عمل میں آئی، جبکہ ان کی اہلیہ کی تدفین قبرستان عثمان پورہ میں عمل میں آئی۔