شوہر پر مجلس کے ظلم کے خلاف عملی سیاست میں قدم : پروین سلطانہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سلطان صلاح الدین اویسی کو اور مجلس کو طاقتور بنانے میرے شوہر محمد غوث نے اپنی زندگی کے قیمتی 30 سال صرف کردئیے لیکن موجودہ صدر نے انا کی خاطر میرے شوہر کی 30 سالہ خدمات پر پانی پھیر دیا ۔ یہ بات سابق کارپوریٹر محمد غوث کی اہلیہ محترمہ پروین سلطانہ نے بتائی ۔ انہوں نے آج گھانسی بازار میں انتخابی مہم کے دوران کہا کہ میرے شوہر نے ہر وقت افراد خاندان کو چھوڑ کر جب کبھی مسلمانوں پر ظلم ہوا کسی کی پراہ کئے بغیر عوامی خدمت کیلئے گھر سے نکل پڑے ۔ پروین سلطانہ نے کہا کہ 27 سال خوشحال زندگی بسر کرنے کے بعد شوہر کے خلاف ظلم و زیادتی کو دیکھتے ہوئے عملی سیاست میں قدم رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل پردہ میں رہ کر پرانے شہر کی خواتین کیلئے مثال ثابت ہونگی اور اپنے شوہر اور فرزند کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی زندگی عوامی خدمات کیلئے صرف کرنے کا اعلان کیا ۔