سرینگر ۔29 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں چہارشنبہ کے روز جنگجوؤں نے ریاستی پولیس کی ایک پارٹی پر حملے کرکے چار پولیس ملازمین کو ہلاک کردیا۔ حملہ آور مہلوک پولیس ملازموں کی تین سروس رائفلیں بھی اڑا کر لے گئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق جیش محمد اور حزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے شوپیان کے آرہامہ علاقہ میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس کی اسکارٹ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے کا شکار ہونے والی اسکارٹ پارٹی ایک پولیس گاڑی کو ٹھیک کرانے کے لئے مذکورہ علاقہ میں گئی ہوئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ پولیس پارٹی چار اہلکاروں پر مشتمل تھی۔ حملے میں چاروں اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے ۔ انہیں نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں سبھی زخمیوں کو مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے اپنے مہلوک اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جاوید احمد بٹ ساکنہ پنزی نارہ ایچ ایم ٹی سرینگر، کانسٹیبل محمد اقبال میر ساکنہ بارہمولہ، کانسٹیبل اشفاق احمد میر ساکنہ شیخ پورہ بارہمولہ اور ایس پی او عادل منظور بٹ ساکنہ زاوورہ شوپیان کے بطور کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ حملہ آور مارے گئے پولیس اہلکاروں کی تین اے کے 47 رائفلیں اڑا کر لئے گئے ہیں۔ جنگجوؤں نے پولیس اہلکاروں سے چھینی گئی رائفلوں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہیں۔ جیش محمد اور حزب المجاہدین نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنگجوؤں کی طرف سے پولیس پارٹی پر حملہ شوپیان کے آرہامہ نامی علاقہ میں چہارشنبہ کو دوپہر کے وقت کیا گیا۔ معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مہلوک اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔