شوپیان :فورسیس کی فائرنگ میں 2 جنگجو اور ایک نوجوان ہلاک

سری نگر۔10جولائی(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں منگل کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے دو جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘کنڈلن شوپیان میں مسلح تصادم اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے ۔ مارے گئے دو جنگجوؤں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ وہ مبینہ طور پر جیش محمد سے تعلق رکھتے تھے ‘۔ جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے لئے مبینہ طور پر دو رہائشی مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیاہے ۔ مسلح تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں ایک 18 سالہ نوجوان ہلاک جبکہ قریب چار درجن دیگر زخمی ہوگئے ۔ مہلوک نوجوان کی شناخت ویہل شوپیان کے رہنے والے تمثیل احمد خان ولد خورشید احمد خان کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تمثیل احمد مسلح تصادم کے مقام سے کچھ دوری پر احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران مبینہ طور پر سر میں گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا ‘تمثیل کو ضلع اسپتال شوپیان لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے سری نگر منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ اسے شوپیان اسپتال سے سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال (ایس ایم ایچ ایس) لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا’۔ جھرپوں میں قریب چار درجن احتجاجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ متعدد نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیاہے ۔