شنکر اچاریہ‘ اِسلام کیخلاف پھیلی غلط فہمیوں کو دُور کرنے میں مصروف!

علیگڈہ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام )اگر کوئی ہندو مذہبی رہنماحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام دیتے نظر آئے تو محوحیرت ہونا فطری ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں اِسلام پر ایک سیمینار کے دوران کچھ یہی نظارہ تھا۔ کانفرنس میں سوامی لکشمی شنکر اچاریہ، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو امن کا پیامبر بتاتے ہوئے حاضرین کو ان کے پیغامات کا مطلب سمجھا رہے تھے۔ ’’ہندو مسلم جن ایکتا منچ‘‘ کے بانی سوامی لکشمی شنکر اچاریہ اسلام کو سمجھنے کے لئے 10 بار قرآن پڑھ چکے ہیں۔ سوامی شنکر اچاریہ اسلام اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شنکراچاریہ کے مطابق پہلے وہ طویل عرصے تک اسلام کو دہشت گردی سے جوڑ کر دیکھتے تھے۔انہوں نے تب ’’ہسٹری آف اسلامک ٹیرو رزم ‘‘ نام کی کتاب بھی لکھی تھی۔ اس میں انہوں نے قرآن کی کچھ سورتوں کو متشدد قرار دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ ’’اسلام کی وجہ سے خطرے میں امریکہ‘‘ کتاب کی تصنیف پر کام کر رہے تھے، اس وقت اسلام کے بارے میں ان کی خیال میں بنیادی تبدیلی آئی۔ سوامی کے مطابق انہوں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں قریب سے پڑھا اور پایا کہ وہ ہمیشہ امن کے قیام کے لئے کھڑے رہے۔ سوامی بتاتے ہیں کہ انہوں نے قرآن ایک بار پھر پڑھی اور پایا کہ جن سورتوں کو میں تشدد سے جوڑ رہا تھا، ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔