شمالی حیدرآباد میں مزید ایک ایرپورٹ کی تعمیر پر غور کرنے چیف منسٹر کا مشورہ
حیدرآباد /26 ستمبر ( پی ٹی آئی ) جی ایم آر گروپ 750 کروڑ روپئے کے سرمایہ کاری سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کے قریب اپنی مجوزہ ’ ایرپورٹ سٹی ‘ کے ایک حصہ کے طور پر ایک نمائش گاہ اور کنونشن سنٹر کی تعمیر پر غور کر رہا ہے ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق شمس آباد ایرپورٹ کی تعمیر اور ایرپورٹ کو چلانے والے ادارہ جی ایم آر کے عہدیداروں نے 750 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے 50 ایکر اراضی پر اس سنٹر کے فروغ کی ایک تجویز حکومت تلنگانہ کو پیش کی ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ( جی ایم آر ) ٹیم نے حیدرآباد میں عالمی معیار کی ایرپورٹ سٹی تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس سے 15,000 تا 20,000 نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ بیان کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جی ایم آر کے عہدیداروں سے کہا کہ ان کی حکومت اس تجویز کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے جی ایم آر گروپ سے یہ تجویز بھی پیش کی کہ حیدرآباد کے شمال میں مزید ایک ایرپورٹ کے فروغ کے بارے میں غور کیا جائے ۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جی ایم آر گروپ نے مجوزہ ایرپورٹ سٹی میں موجودہ ایرپورٹ کے قریب ایک عصری ہاسپٹل کے علاوہ ایک تھیم پارک اور قدرتی علاج کے مرکز کی تعمیر پر بھی غور کر رہی ہے ۔