شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ ڈومیسٹک ٹرمنل این ٹی راماراؤ سے موسوم

وزارت شہری ہوا بازی کے احکامات، حیدرآباد میں پھر ایک مرتبہ سیاسی رسہ کشی کا امکان
حیدرآباد 20 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو آنجہانی این ٹی راما راؤ سے موسوم کردیا گیا۔ وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو سابق چیف منسٹر و بانی تلگودیشم پارٹی آنجہانی این ٹی راما راؤ سے موسوم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ جی ایم آر انٹرنیشنل ایرپورٹ انتظامیہ کے عہدیداروں نے اِن احکامات کے موصول ہونے کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ آج ہی موصولہ احکامات کے مطابق مستقبل میں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کا ڈومیسٹک ٹرمنل این ٹی راما راؤ سے موسوم ہوگا۔ 2008 ء میں شروع ہوئے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے افتتاح کے بعد اِس بین الاقوامی ہوائی اڈے کو آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی سے موسوم کیا گیا تھا اور اُس وقت سے ہی تلگودیشم پارٹی کی جانب سے ڈومیسٹک ٹرمنل کو بیگم پیٹ ایرپورٹ کے طرز پر این ٹی آر سے موسوم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ فی الحال مرکزی حکومت کے وزارت شہری ہوا بازی کا قلمدان تلگودیشم قائد مسٹر اشوک گجپتی راجو کے پاس موجود ہے اور تلگودیشم پارٹی مرکز میں این ڈی اے کی حلیف جماعتوں میں شامل ہے۔ مرکزی حکومت کے اِس فیصلہ پر ایک مرتبہ پھر حیدرآباد میں سیاسی رسہ کشی کے آغاز کا امکان پیدا ہوچکا ہے چونکہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد اور تلنگانہ میں کسی بھی آندھرائی قائد سے موسوم جگہ کو باقی رکھنے کے حق میں نہیں ہے اور آندھرائی قائدین سے موسوم عمارتوں اور یونیورسٹیوں کے علاوہ میوزیمس وغیرہ کے ناموں کو تبدیل کرنے کی مہم شدت کے ساتھ چلا رہی ہے۔