شمس آباد یونانی دواخانہ ، 38 سال سے ذاتی عمارت کا منتظر

شمس آباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں یونانی دواخانہ کا قیام 38 سال قبل عمل میں آیا ۔ جس کے بعد سے ہی ذاتی عمارت کے لیے کوشش کی جارہی ہے ۔ یونانی دواخانہ کی عمارت ذاتی نہ ہونے کی وجہ سے دواخانہ کو ایک مقام سے دوسرے مقام کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ دواخانہ کو گزشتہ میں ایسی عمارتوں میں چلانا پڑا ۔ جہاں نہ تو پانی کی سہولت تھی اور نہ ہی برقی کی ۔ شمس آباد کی عوام جو کئی سالوں سے واقف بھی نہیں تھی کہ شمس آباد میں یونانی دواخانہ ہے ۔ آج سے تقریبا چار سال قبل ڈاکٹر محمد فہیم الدین انصاری سینئیر میڈیکل آفیسر شمس آباد یونانی ڈاکٹر کی حیثیت سے آئے جنہوں نے محسوس کیا کہ یہاں کی عمارت بوسیدہ ہوگئی ہے اور کوئی سہولت نہیں ہے ۔ جس کے بعد انہوں نے مسلسل کوشش کرتے ہوئے دواخانہ کی عمارت کو دوسرے مقام پر منتقل کروایا ۔ جس کے لیے انہوں نے ضلع کلکٹر ، تحصیلدار اور سرپنچ سے نمائندگی کی ۔ ڈاکٹر محمد فہیم الدین انصاری جو مسلسل ذاتی عمارت کے لیے کوشش کررہے تھے کہ انہیں پتہ چلا کہ محمد یوسف علی خاں جو یونانی دواخانہ کے قیام میں اہم رول ادا کیا تھا اور ذاتی عمارت کے لیے مسلسل کوشش کررہے ہیں ۔ ان سے ملاقات کر کے تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کمشنر آیوش ، ضلع کلکٹر ، تحصیلدار و دیگر عہدیداروں کو مسلسل یادداشت پیش کرنے کے بعد ضلع کلکٹر نے شمس آباد میں یونانی دواخانہ کے لیے 500 گز اراضی مختص کرتے ہوئے شمس آباد تحصیلدار کو ہدایت دی جس کے بعد شمس آباد تحصیلدار نے 500 گز اراضی شمس آباد یونانی دواخانہ کے لیے منظور کرتے ہوئے کاغذات ڈاکٹر محمد فہیم الدین انصاری کے حوالہ کیا ۔ جس کے بعد انہوں نے عمارت کی تعمیر کے لیے کمشنر آیوش ، ضلع کلکٹر وغیرہ کو یادداشت پیش کی تھی جس کی کارروائی چل رہی تھی کہ تلنگانہ ریاست علحدہ ہوگئی ۔ جس کے بعد کام سستی میں پڑ گیا ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھی ڈاکٹر محمد فہیم الدین انصاری اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے انجینئر سے 20 لاکھ روپئے کا اسٹیمیٹ حاصل کر کے اسے کمشنر آیوش میں داخل کردیا ۔ حکومت تلنگانہ جو اقلیتوں سے ہمدردی ظاہر کررہی ہے اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کا وعدہ کررہی ہے ۔ ایسے میں اب یہ دیکھنا ہوگا کہ حکومت یونانی دواخانہ شمس آباد کے لیے رقم کب منظور کرے گی ۔ تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلہ میں فورا کارروائی کرتے ہوئے رقمی منظوری کریں ۔۔