شمس آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ

شمس آباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : میگا فاونڈیشن چیارٹیبل ٹرسٹ شمس آباد کی جانب سے عید ملاپ تقریب منعقد کی گئی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے رچا ملاسدیشور شمس آباد سرپنچ نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ عید ملاپ تقاریب سے آپسی میل جول میں اضافہ ہوتا ہے ۔ شمس آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اور ہمیں ہماری گنگا جمنی کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ جس سے شمس آباد کی ترقی ہوگی ۔ میگا فاونڈیشن چیارٹیبل ٹرسٹ نے غرباء ، بیوہ ، خواتین میں پنشن ، غریب طلبہ میں اسٹیشنری تقسیم کرنے کے مقصد سے آغاز کیا اور آئندہ غریب لڑکیوں کی شادی کروانے کی بھی کوشش کی جائے گی ۔ اس طرح کے ٹرسٹوں کے قائم ہونے سے ایک حد تک غربت کا خاتمہ ہوگا ۔ بی ستیش زیڈ پی ٹی سی ممبر نے کہا کہ ٹرسٹ قائم کر کے بہترین کام کیا گیا ہے ۔ ٹرسٹ کے ذریعہ ہر ایک غریب کی مالی امداد کی جائے گی جس سے کئی غریب خاندان کو سہارا ملے گا ۔ وینو گوڑ کانگریس منڈل صدر نے کہا کہ محمد اسد چیرمین ٹرسٹ نے غرباء کو امداد پہنچانے اور طلباء کو تعلیمی اشیاء کی فراہمی کے لیے قائم کیا جس میں ہر ایک کو حصہ لینے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر محمد شمس الدین نائب سرپنچ ، محمد نجم الدین ، محمد عبدالقادر ، مقبول حسین ، سریکانت یادو ، نند راج گوڑ ، ملا ریڈی ، نریش ، رمنا ریڈی ، محمد اشرف ، مجیب ، محمد عظمت حسین کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔