تلگو دیشم و بی جے پی اتحاد سے کانگریس کو فائدہ ہونے کا امکان
شمس آباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد گرام پنچایت انتخابات 13 اپریل کو منعقد کئے جارہے ہیں ۔ شمس آباد سرپنچ کے لیے 9 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ شمس آباد گرام پنچایت ممبرس کی تعداد 20 ہے جس کے لیے 111 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔ شمس آباد سرپنچ کے لیے تلگو دیشم اور کانگریس میں راست مقابلہ ہے ۔ تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد ہونے کی وجہ سے انتخابات میں کافی اثر پڑسکتا ہے ۔ جس کا راست فائدہ کانگریس کو ہوگا ۔ جب کہ شمس آباد میں بی جے پی امیدوار بھی سرپنچ و وارڈ ممبر کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ کانگریس امیدوار آر سدیشور ، تلگو دیشم امیدوار آر داس دونوں چچا زاد بھائیوں میں سخت مقابلہ ہوگا ۔ سرپنچ امیدوار اپنے اپنے وارڈ ممبرس امیدواروں کے ہمراہ گھر گھر جاکر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی کے بعد مسائل کو حل کرنے کا تیقن دے رہے ہیں ۔ تلگو دیشم امیدوار آر داس نے کہا کہ وہ کامیاب ہونے پر شمس آباد میں سڑکوں کی مرمت ، انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم کی درستگی ، پانی کے مسئلہ و دیگر مسائل کو حل کریں گے ۔ کانگریس امیدوار آر سدیشور نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ کامیاب ہونے پر سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ، پانی کے مسئلہ کو حل کرتے ہوئے انڈر گراونڈ ڈرینج کی درستگی ، کچرے کی صفائی ، و دیگر مسائل کو حل کریں گے ۔ سدیشور نے کہا کہ تلگو دیشم نے بی جے پی سے اتحاد صرف اپنے مفاد کے لیے کیا لیکن ان کو اس اتحاد سے صرف نقصان اٹھانا پڑے گا ۔ تمام اقلیتوں کے ووٹ اب صرف کانگریس کو ہی ملیں گے ۔ اور انہوں نے کہا کہ مسلم محلوں کے سبھی مسائل کو بھی وہ حل کریں گے ۔ وہ وعدہ نہیں کررہے ہیں بلکہ ان تمام وعدوں پر عمل کر کے بتانے کا تیقن دیا ۔ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے ہر ایک شخص سیکولر جماعت سے وابستہ ہونا چاہتا ہے ۔ شمس آباد گرام پنچایت انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی کا صفایا ہوجائے گا ۔۔