ایزال۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ مختار عباس نقوی کے گاؤ ذبیحہ کے بارے میں حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دیا۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی ریاستوں میں جہاں ہندو اکثریت میں ہیں ، قانون سازی کے ذریعہ گاؤ ذبیحہ پر امتناع عائد کیا جاتا ہے ۔ شمال مشرقی ریاستوں میں ایسا نہیں کیا جاسکتا جہاں عوام کی اکثریت بڑے جانور کا گوشت کھاتی ہے ۔ انہوں نے مختار عباس نقوی کے حالیہ بیان کو نامناسب قرار دیا ۔ تاہم کہا کہ وزیر نے اظہار خیال کی آزادی سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام عوام کی روایات ، ثقافت، عادات و اطوار اور احساسات کا احترام کیا جانا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شمال مشرقی دہشت گرد گروپس جیسے این ایل ایف ٹی ہندوستان میں دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے بنگلہ دیش کی سرزمین کو استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک میں ہم خیال حکومت پائی جاتی ہے اور توقع ہے کہ وہاں کی سرزمین کو ہندوستان نے دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے سے روکا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس معاملہ میں بہت جلد تبادلہ خیال کریں گے۔