شمال مشرقی ریاستوں میں سکیورٹی صورتحال نازک: ڈائرکٹر انٹلیجنس

گوہاٹی۔ 29 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈائرکٹر انٹلیجنس بیورو سید آصف ابراہیم نے آج کہا کہ شمال مشرقی علاقہ میں سکیورٹی صورتحال انتہائی کمزور ہے اور پڑوسی ممالک سے تخریب کار عناصر بہ آسانی مداخلت کرسکتے ہیں۔ پہلی مرتبہ دہلی سے باہر منعقدہ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے ڈائرکٹر جنرل پولیس انسپکٹر جنرل پولیس اور مرکزی پولیس آرگنائزیشن کے سربراہان کی سالانہ کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ملک سے باہر عسکریت پسندوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات سے شمال مشرقی ریاستوں میں سکیورٹی کی صورتحال کمزور ہوتے جارہی ہے ۔ ڈائرکٹر انٹلیجنس بیورو نے کہا کہ پڑوسی ملک بالخصوص مینمار تخریب کاروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن گئی ہیں جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں سکیورٹی کو چیلنج درپیش ہے ۔

انھوں نے آسام ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں انتہاپسند گروپوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اور بتایا کہ ان گروپوں کے ہاتھوں بے قصور افراد ہلاک ہورہے ہیں ۔ دوسری طرف خود ان گروپوں میں برتری کیلئے رسہ کشی جارہی ہے ۔ انھوں نے نکسلائیٹس خطرہ کے بارے میں کہاکہ یہاں پر قیادت اور اسلحہ کی قلت پائی جاتی ہے اور ان کی سرگرمیاں مخصوص علاقوں تک محدود ہوجانے سے ہلاکتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ۔