شمالی ہند میں سردی کی لہر جاری ، کشمیر میں تازہ برفباری

نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے بلند مقامات بشمول سیاحتی مراکز گلمبرگ اور پہلگام میں آج تازہ برفباری ہوئی جبکہ شمالی ہند کے کئی علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے اور گہری دھند کی وجہ سے ٹرین خدمات متاثر ہیں۔ گلمرگ میں اقل ترین درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگئی اور یہ آج منفی 5.4 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں منفی 2.3 درجہ سلسیس تھا۔ شوپیان، سونمرگ، امرناتھ اور پیر کی گلی میں تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ قاضی گنڈ میں اقل ترین درجہ حرارت منفی 2.3 تھا۔ امرتسر میں اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔ دہلی میں اقل ترین درجہ حرارت 9 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی میں پروازیں صبح کے وقت حسب معمول تھیں۔ لدھیانہ اور پٹیالہ میں شدد سردی محسوس کی گئی۔ راجستھان میں گہری دھند کی وجہ سے 11 ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔ راجستھان میں درجہ حرارت میں 1 تا 6 درجہ سلسیس اضافہ ہوا جس کی وجہ سے عوام کو راحت حاصل ہوئی۔