جئے پور ۔3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت میں مزید کمی ہوئی اور چرو ریاست کا سرد ترین مقام رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت پانچ درجہ سلسیس سے کچھ زیادہ تھا ۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ریاستوں ہریانہ اور پنجاب میں سرد موسم کی لہر جاری ہے ۔ ٹھٹھرا دینے والی ہواؤں سے ہریانہ اور پنجاب میں لوگ گھروں سے باہر آنے سے خوفزدہ ہیں ۔ اقل ترین درجہ حرارت پنجاب اور ہریانہ دونوں ریاستوں میں 2.8 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ جب کہ دونوں ریاستوں کے دارالحکومت چندی گڑھ میں درجہ حرارت 5.5 درجہ سلسیس تھا ۔ وادی کشمیر کے اکثر علاقوں میں شدید سردی محسوس کی گئی ۔ لداخ ریاست کا سرد ترین علاقہ تھا ‘ جہاں کل سے دو دن تک برفباری کا اندیشہ ہے ۔ سرینگر میں درجہ حرارت منفی 3.8درجہ سلسیس تھا جس میں آج ایک درجہ کا اضافہ ہوا اور آج اقل ترین درجہ حرارت منفی 2.5 درجہ سلسیس رہا ۔ وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت منفی ہوگیا جبکہ کارگل میں درجہ حرارت منفی 15 سیلیس ریکارڈ کیا گیا ۔ 15درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ شمالی ہند کے دیگر حصوں میں امرتسر میں سب سے کم 2.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ جموں و کشمیر میں برفباری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔