واشنگٹن ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے شمالی کوریا کے دو عہدیداروں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ سک اور ری پیونگ چول نامی دو رہنمائوں نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں اہم کردار ادا کیا۔امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اب دونوں شمالی کوریائی عہدیدار امریکہ میں کسی قسم کا مالی لین دین نہیں کر سکیں گے اور اگر ان کے امریکہ میں کوئی اثاثے ہوئے تو انہیں منجمد کر لیا جائیگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ری پیونگ شمالی کوریا کے میزائل پروگرام میں ورکرز پارٹی کے نمائندے ہیں جو کم جانگ ان کے قابل اعتماد مشیر بھی ہیں جنہیں کئی مرتبہ پیانگ یانگ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ان کیساتھ دیکھا گیا ہے۔جب کہ کم جانگ سک راکٹ سائنس پر عبور رکھتے ہیں جو پہلی مرتبہ 2012 میں اس وقت منظرعام پر آئے جب شمالی کوریا نے کامیاب راکٹ تجربہ کیا تھا۔