شمالی کوریا کے نیوکلیئر تجربہ کے مقام پر مزید تجربے نہیں کئے جاسکتے :چین

پیانگ یانگ،26اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چینی سائنسدان اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ پہاڑ جہاں شمالی کوریا نیوکلیئر تجربے کرتا تھا وہ جزوی طور پر منہدم ہو گیا ہے اور وہاں پر مزید نیوکلیئر تجربے نہیں کیے جا سکتے ۔پنگی ری نامی سائٹ پر 2006 سے اب تک چھ نیوکلیئر تجربے کیے جا چکے ہیں۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں آخری تجربے کے بعد کئی جھٹکے آئے اور اندازہ ہے کہ پہاڑ کے اندر کچھ حصہ منہدم ہوا ہے ۔یاد رہے کہ ہفتہ کو شمالی کوریا کے رہنما کم جو ان نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیوکلیئر تجربوں کو روک رہے ہیں۔انھوں نے یہ اعلان اس وقت کیا ہے جب وہ جنوبی کوریا اور امریکہ کے ساتھ بات چیت کرنے جا رہا ہے ۔چینی سائنسدانوں کی یہ تحقیق امریکی سائنسی جریدے جیو فیزیکل ریسرچ لیٹرز میں شائع ہونے والی ہے ۔بی بی سی کے مطابق اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ستمبر میں کیے گئے نیوکلیئر تجربے کے ساڑھے آٹھ منٹ بعد پہاڑ کا حصہ منہدم ہوگیا۔پنگی ری نامی سائٹ شمالی کوریا کے شمال مشرق میں پہاڑی سلسلے میں واقع ہے اور نیوکلیئر تجربے ماؤنٹ منتپ میں کھودی گئی سرنگوں میں کیے جاتے ہیں۔