شمالی کوریا کے معاملہ میں چین اہم رول اداکرے :برطانیہ

لندن۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)برطانیہ کی وزیر اعظم ٹریزامے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج شمالی کوریا کے میزائل اور ایٹمی پروگرام کے بارے میں فون پر بات کی۔محترمہ مے کے ترجمان نے آج یہ اطلاع دی۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ چین شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کرے ۔ محترمہ مے اور مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے معاملہ میں چین کے اہم رول کے بارے میں متفق ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق چین کو شمالی کوریا کے میزائل اورجوہری پروگرام کو روکنے کے لئے ضروری قدم اٹھانا چاہئے تاکہ جزیرہ نما کوریا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مختلف ممالک کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے ۔محترمہ مے نے کہا کہ یورپی یونین (ای یو ) کی طرف سے دباؤ ڈالنے کیلئے وہ رکن ممالک کے رہنماؤں سے بات کریں گی ۔ واضح ر ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کو بہتر تکنیک اور زیادہ صلاحیت والے ایک ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعوی کیا تھا جس کے بعد عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر اسکی نکتہ چینی ہوئی تھی۔

ہند۔ روس دوستی مضبوط : سشما سوراج
ماسکو۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے روسی ہم منصب سرجئی لاؤروف سے ملاقات کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستی انتہائی مضبوط ہے اور کوئی بھی اسے کمزور نہیں کرسکتا۔ سشما سوراج نے ولادیوستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم اجلاس کے موقع پر ان سے یہ ملاقات کی۔ بات چیت کی تفصیلات کا علم نہ ہوسکا۔ قبل ازیں سشما سوراج نے فورم میں ہندوستان۔ روس بزنس مذاکرات میں بھی شرکت کی۔