پونگی ۔ ری (شمالی کوریا)۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جس بات کے امکانات پائے جارہے تھے آخرکار ویسا ہی ہوا اور شمالی کوریا نے اپنے تمام نیوکلیئر ٹسٹ کے مقامات کو یکے بعد دیگرے دھماکوں کے ساتھ تباہ کردیا جس میں کئی گھنٹے لگے۔ اس وقت بیرونی ممالک کے متعدد صحافی بھی موجود تھے۔ واضح رہیکہ نیوکلیئر ٹسٹ کرنے کے مقامات کوہستانی علاقوں میں واقع ہیں اور وہاں پر زیرزمین سرنگیں بھی ہیں۔ علاوہ ازیں آس پاس متعدد عمارتیں بھی واقع ہیں لیکن انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ کم جونگ ان نے قبل ازیں نیوکلیئر ٹسٹ کے تمام مقامات کو تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا کیونکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی یہ شرط تھی کہ دونوں قائدین کی ملاقات صرف اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب شمالی کوریا اپنے تمام نیوکلیئر ٹسٹ کے مقامات کو تلف کردیئے۔