شمالی کوریا نے روس کے ذریعہ کوئلہ برآمد کیا

پیرس ؍ لندن ؍ ماسکو ۔27جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے گزشتہ سال روس کے ذریعے کوئلہ برآمد کیا جسے بعد میں جنوبی کوریا اور جاپان تک پہنچایا گیا۔مغربی یوروپی انٹیلی جنس ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ 5اگست کو شمالی کوریا سے کوئلہ برآمدات پر روک لگا دی تھی۔اقوام متحدہ کی منشا تھی کہ اس سے جوہری ہتھیاروں اور میزائل پروگراموں پر ہونے والے اخراجات کے لئے غیر ملکی پیسے حاصل کرنے کے شمالی کوریا کے اہم ذریعہ پر بھی روک لگ جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد کم از کم تین بار شمالی کوریا نے کوئلہ سے لدے بحری جہاز کو روسي بندرگاہوں نخوڈکا اور خولماسک بندرگاہوں پر بھیجا جہاں نا صرف کوئلہ اتارا گیا بلکہ اسے جنوبی کوریا یا جاپان کے لئے دوبارہ دوسرے بحری جہاز پر لوڈبھی کیا گیا۔مغربی شپنگ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں کچھ مال جاپان اور جنوبی کوریا پہنچا تھا۔