شمالی کوریا میں شدید گرمی

پیانگ یانگ ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا میں اس وقت موسم گرما اپنے عروج پر ہے اور بیئر کی فیکٹریاں اپنی معمول کی مقدار سے دوگنی بیئر تیار کررہی ہیں جو کتے کے گوشت کی مسالہ دار چاٹ کے ساتھ لوگ مزے لے لیکر پیتے اور کھاتے ہیں۔ کئی ریستورانوں میں کتے کے گوشت کا سالن حاصل کرنے کیلئے لمبی لمبی قطاریں بھی دیکھی جارہی ہیں۔ یاد رہیکہ شمالی اور جنوبی کوریا میں کتے کے گوشت کو انسان کی قوت برداشت کو مستحکم اور مضبوط کرنے کیلئے عرصۂ دراز سے کھایا جاتا ہے جسے مقامی زبان میں ’’ڈینگ گوگی‘‘ (میٹھا گوشت) کہا جاتا ہے ۔ روایتی طورپر جب گرمی میں شدت پیدا ہوجاتی ہے اُسوقت کتے کا گوشت کھایا جاتا ہے اور اس کے لئے بھی تواریخ کا تعین کرلیا جاتا ہے ۔ جاریہ سال 17 جولائی ، 27 جولائی اور 16 اگسٹ کو شمالی کوریا کا درجۂ حرارت زائد از 40 ڈگری سیلسیئس پہنچ جائے گا جس میں سے 17 جولائی گزرچکی ہے اور ان ہی دنوں میں کتے کے گوشت کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔

تیونسی وزیراعظم کا مستعفی ہونے سے انکار
تیونیسیا ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) تیونس کے وزیراعظم یوسف الشاہد نے حکومت کی سربراہی سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا یہ ردّ عمل صدر الباجی قائد السبسی کے اُس بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں السبسی نے ملک کو درپیش سیاسی اور اقتصادی بحران کے سبب الشاہد پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں۔یوسف الشاہد نے تیونس افریقہ نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں خود کو منصب پر باقی رکھنے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر جب کہ تیونس کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، ملک میں حکومت کی تبدیلی ’’خطرناک‘‘ اور دور رس اثرات مرتّب کر سکتی ہے۔