شمالی کوریا میں سیٹلائیٹ لانچنگ کی تیاریاں؟

سیئول۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے ایک اخبار کی اطلاع کے مطابق ملک میں اب ایک نئے سیٹلائیٹ لانچنگ کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ بیرونی مبصرین نے یہ انتباہ دیا ہے کہ نیوکلیئر توانائی کے حامل ملک کا خلائی پروگرام دراصل اپنے ہتھیاروں کی ٹسٹنگ کے سوائے کچھ نہیں۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا پر اس کے متعدد میزائل ٹسٹوں کی وجہ سے امریکہ نے کئی پابندیاں عائد کررکھی ہیں اور بالسٹک میزائل ٹیکنالوجی بشمول سیٹلائیٹ کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی لانچنگ پر امتناع عائد ہے۔ اس موقع پر جنوبی کوریا کے ایک ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعدد چیانلوں سے یہ معلوم ہوا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک نیا سیٹلائیٹ مکمل کرلیا ہے اور اس کا نام گوانگ میانگ سانگ 5 رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شمالی کوریا نے کیمروں اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات نصب کرتے ہوئے اپنا ایک سیٹلائیٹ مدار میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ کوانگ میانگ سانگ 4 سیٹلائیٹ فروری 2016ء میں لانچ کیا تھا جسے بین الاقوامی برادری نے شمالی کوریا کی جانب سے درپردہ دوری پر نشانہ لگانے والے بالسٹک میزائل سے تعبیر کیا تھا۔