شمالی چین میں شدید ترین دْھند

ژنجیانگ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چین میں ابھی سرد موسم کا آغاز ہی ہوا ہے کہ نظامِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔چین میں گزشتہ روز سے جاری شدید دھند سے شاہراہوں پر ٹریفک بہاؤ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ حدِ نگاہ اتنی کم رہ گئی ہے کہ چند ہی لمحوں میں گاڑی نظر سے اوجھل ہو جاتی ہے اور صرف یہی نہیں بلند و بالا عمارتیں دیکھنا بھی محال ہو گیا ہے۔شمالی چین میں دھن کے باعث جہاں ایک طرف ٹریفک حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور کئی ٹول اسٹیشن بھی بند کر دئیے گئے ہیں وہیں حکام کی جانب سے احتیاط برتنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

جاپانی قاتل نے اندرون دو ماہ
اپنے نوشکاروں کو موت کے گھاٹ اُتارا
ٹوکیو ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک جاپانی شخص جسے پولیس نے اُس کے اپارٹمنٹ سے نو نعشیں ملنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا جن میں سے دو نعشوں کے سر غائب تھے نے بالآخر پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے اپنے تمام شکاروں کو یکے بعد دیگرے اندرون دو ماہ ٹوئیٹر پر روابط پیدا کرتے ہوئے ہلا ک کیا ۔ میڈیا نے بتایا کہ متعلقہ حکام 27 سالہ ملزم تاکاہیروشیرائشی سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ قتل کے اس واقعہ نے پورے جاپان میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے کیونکہ جاپان میں جرائم کی شرح بیحد کم ہے۔ جس مکان میں یہ واقعہ رونما ہوا وہ ایک انتہائی کم بھیڑ بھاڑ والے اور شوروغل سے دور علاقہ میں واقع ہے اور جاپان کے تقریباً سبھی اخباروں کے صفحہ اول پر اُس مکان کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جہاں ’’کلنگ روم‘‘ اور ’’ہر ہفتہ ایک قتل ‘‘ جیسی شہ سرخیاں لگائی گئی ہیں۔