اسلام آباد ۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)کم از کم سات عسکریت پسند بشمول چار بیرونی جنگجو ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے جو پاکستان کے شمالی وزیرستان قبائلی علاقہ میں پیش آیا جہاں ملٹری موجودہ طور پر طالبان شورش پسندوں کے خلاف بھرپور جارحانہ کارروائی میں مصروف ہے۔ ایک سکیورٹی عہدہ دار نے کہا کہ اس قبائلی علاقہ کے دتہ خیل سب ڈیویژن کے موضع مدخیل میں پائلٹ سے عاری امریکی طیارہ نے دو میزائل ایک مکان اور ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر داغے۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس میں سات افراد ہلاک اور تین زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ ایک اور عہدہ دار نے کہا کہ مہلوکین میں سے چار بیرونی جنگجو تھے۔ انھوں نے اُن کی قومیت نہیں بتائی لیکن دتہ خیل افغان باغیوں کے حقانی نٹ ورک کا مضبوط گڑھ ہے۔