پشاور۔7 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے شمال مغرب میں واقع وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکہ کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے گذشتہ 24 گھنٹے میں دوسرا میزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔انٹلیجنس ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون نے شمالی وزیرستان کے علاقے منگروٹی میں طالبان کمانڈر حبیب اللہ کے مکان پر دو میزائل فائر کئے ہیں،حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ فوری طور پر امریکی ڈرون حملے میں کمانڈر حبیب اللہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔یہ علاقہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کے نزدیک واقع ہے اور یہیں سے جنگجو سرحد کے آرپار آتے جاتے ہیں۔منگروٹی شوال میں واقع ہے اور شوال کا علاقہ جنوبی سے لے کر شمالی وزیرستان تک پھیلا ہوا ہے۔ امریکی ڈرون نے اتوار کو جنوبی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے کنڈغر میں ایک مکان پر دو میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں دو غیرملکیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔کنڈغر کا علاقہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر واقع ہے۔واضح رہے کہ پاکستانیوں کی اکثریت قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کی مخالف ہے۔جون میں کرائے گئے ایک سروے کے مطابق 66 فیصد شہریوں نے ان حملوں کی مخالفت کی تھی۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے گذشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی تھی۔