شمالی عراق کے پانچ لاکھ افراد کیلئے اقوام متحدہ کی امداد

جنیوا ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے شعبہ نے آج اعلان کیا کہ جہادی باغیوں کی یلغار کی وجہ سے بے گھر ہونے والے پانچ لاکھ افراد کیلئے ہنگامی امداد فراہم کی جا ئے گی۔ اقوام متحدہ کا یہ شعبہ جاریہ ہفتہ ہی اپنی اسکیم پر عمل آوری شروع کردے گا۔ اب تک اقوام متحدہ نے ایک تخمینہ کے مطابق 12 لاکھ بے گھر عراقیوں کو مدد فراہم کی ہے۔ لمحۂ آخر کی تاخیر کے سوائے فضائی، زمینی اور بحری کارروائیوں کا کل سے آغاز ہوجائے گا۔ بوئنگ 747 طیاروں کے ذریعہ بے گھروں کو منتقل کیا جائے گا۔ سڑکوں کے ذریعہ لاریوں کے قافلے بے گھر افراد کو ترکی اور اردن پہنچائیں گے۔ دبئی کے راستہ سے آئندہ دس دن تک بے گھر عراقیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔ ابتداء میں 3000 خیمے ، 2 لاکھ پلاسٹک کی چادریں فراہم کی جائیں گی۔ 18500 باورچی خانے قائم کئے جائیں گے اور 16500 ڈبے غذا سربراہ کی جائے گی۔