نئی دہلی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے مختلف علاقوں بشمول قومی دارالحکومت دہلی میں زلزلے کے آج تازہ ترین جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس دوران گزشتہ روز کے زلزلے کے سبب ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 74تک پہونچ گئی ہے۔ بہار میں سب سے زیادہ 50 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ آسام، بہار، دہلی، جھارکھنڈ، ہریانہ، اُڈیشہ، پنجاب، اُترپردیش، اترکھنڈ اور مغربی بنگال میں آج دوپہر 12 بجکر 42 منٹ پر 30 سیکنڈ تک زلزلے کے تازہ جھٹکے ہوئے جن کی شدت ریختر اسکیل پر 6.9 تھی، تاہم کسی بھی مقام سے کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تازہ ترین زلزلہ مبداء بھی نیپال میں تھا۔ بہار اور اترپردیش کی حکومتوں نے تمام اسکولوں کو دو دن کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے زلزلے سے پیدا شدہ صورتِ حال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے سربراہ او پی سنگھ نیپال روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ زلزلے سے بری طرح متاثرہ ملک کے حکام کیساتھ ہندوستانی امدادی ٹیموں کی راحت رسانی مہم کی نگرانی کرینگے۔ تازہ ترین زلزلوں کے بعد کٹھمنڈو کیلئے جانے والے امدادی کاموں کو شام تک روک دیا گیا ہے۔ ان زلزلوں سے عوام میں زبردست خوف و سراسمیگی کی لہر دوڑ گئی ہے جو پہلے ہی گزشتہ روز کے زلزلوں کے صدمہ سے ہنوز سنبھل نہیں پائے تھے۔
نیپال کو عالمی تنظیم صحت کی امداد
نئی دہلی ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی تنظیم صحت نے نیپال میں آئے بھیانک زلزلے پر اظہار رنج کرتے ہوئے 4 ہنگامی ہیلت کٹس روانہ کئے ہیں ۔ یہ کٹس ادویات اور میڈیکل ساز و سامان پر مشتمل ہے ۔ ڈبلیو ٹی ایچ او نے 17500 ڈالر کی امداد بھی روانہ کی ہے ۔ نیپال میں زلزلے سے متاثرہ عوام کو فوری راحت پہونچانے کیلئے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ اس سانحہ کے چند گھنٹوں کے اندر ہی تنظیم عالمی صحت نے میڈیکل ٹیموں کو روانہ کیا ہے ۔ آئندہ تین ماہ کیلئے 40 ہزار افراد کو طبی امداد کی ضرورت ہوگی ۔ ڈبلیو ایچ او کے علاقائی ڈائرکٹر پونم کھیتر پال سنگھ امدادی کاموں کی نگرانی کریں گے۔