ذمہ داری کو بحسن و خوبی نبھانے کا عزم: ششی دھر ریڈی
حیدرآباد /19 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے سابق رکن اسمبلی پی ششی دھر ریڈی کو تلنگانہ کانگریس کمیٹی کا ترجمان نامزد کیا ہے۔ اس دوران مسٹر ششی دھر ریڈی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی، نائب صدر راہول گاندھی اور مسٹر پنالہ لکشمیا سے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انھیں جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اس کو بخوبی نبھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے استحکام کے علاوہ ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں، غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کو منظر عام پر لاتے ہوئے حکومت کے خلاف عوام میں شعور بیدار کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 100 دن مکمل ہونے کے بعد بھی ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی، اس طرح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کار کردگی مایوس کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے ہیرو کمپنی آندھرا پردیش اور مہندرا کمپنی کرناٹک منتقل ہوچکی ہیں۔ واضح رہے کہ پی ششی دھر ریڈی اے پی یوتھ کانگریس کے صدر رہ چکے ہیں اور 2004ء میں حلقہ اسمبلی میدک سے منتخب بھی ہوچکے ہیں۔ 2014ء کے عام انتخابات میں بھی وہ حلقہ اسمبلی میدک کا ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے تھے، تاہم ٹی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والی رکن پارلیمنٹ مسز وجے شانتی کو کانگریس نے اپنا امیدوار بنایا، جس کی وجہ سے وہ ناراض ہو گئے تھے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے انھیں طلب کرکے تبادلہ خیال کیا اور پارٹی ہائی کمان کا فیصلہ قبول کرنے پر انھیں راضی کرلیا۔