شریف خاندان کے پیرول کی میعاد اختتام پذیر

خصوصی طیارہ سے لاہور سے راولپنڈی کی آڈیالا جیل واپسی ،توسیع کی کوششیں کرنے پی ایم ایل (این) کی تردید
لاہور ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈا ٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی پی ایم ایل (این) اس بات کیلئے کوشاں تھی کہ ان کی پیرول کی میعاد میں توسیع ہوجائے جو پیر کو اختتام پذیر ہورہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی اس بات کی خواہاں تھی موصوف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد مرحوم کے چہلم تک نواز شریف کی پیرول میں توسیع ہوجائے۔ یاد رہیکہ گذشتہ منگل کو لندن کے ایک ہاسپٹل میں طویل علالت کے بعد کلثوم نواز کا انتقال ہوگیا تھا جبکہ لندن میں نماز جنازہ ادا کئے جانے کے بعد ان کے جسد خاکی کو پاکستان لایا گیا اور شریف خاندان کے جاتی امراء رہائش گاہ سے قریب واقع قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ نواز شریف ان کی دختر مریم نواز اور داماد محمد صفدر اس وقت راولپنڈی کی آڈیالا جیل میں بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے پر سزاء کاٹ رہے ہیں۔ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد تینوں کی تین دنوں کیلئے پیرول پر رہائی عمل میں آئی تھی جبکہ پنجاب کے محکمہ داخلہ نے نواز شریف کے پیرول میں مزید پانچ روز کی توسیع کی تھی۔ تینوں کیلئے پیرول کی میعاد میں توسیع کئے جانے کی کوششوں پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسمبلی کے سابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملہ میں شریف خاندان جلد ہی کوئی اعلان کرے گا۔ قبل ازیں نواز شریف نے پیرول کی میعاد میں توسیع کی کوئی درخواست نہیں کی تھی۔ سردار ایاز نے کہا کہ انہیں توقع ہیکہ حکومت انسانی بنیادوں پر تینوں کی پیرول کی میعاد میں توسیع کرے گی۔ جیسا کہ اوپر کی سطروں میں تحریر کیا گیا ہیکہ اس معاملہ میں کوئی بھی قطعی اعلان صرف شریف خاندان کی جانب سے ہی کیا جائے گا لہٰذا تازہ ترین خبر یہ ہیکہ نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کلثوم نواز کے انتقال کے بعد ان کی تجہیز و تکفین کے فرائض مکمل ہونے کے بعد آڈیالا جیل جانے کیلئے دوبارہ راولپنڈی روانہ ہونے والے ہیں۔ پیر کے روز شام 4 بجے ان کے پیرول کی میعاد اختتام پذیر ہوگئی۔ ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ انہیں راولپنڈی روانہ کیا جائے گا۔ لاہور ایرپورٹ کے اندر آنے تک نواز شریف، مریم اور صفدر کے ہمراہ رہنے کیلئے شریف خاندان کے دیگر تین افراد کو بھی اجازت دی گئی ہے جن میں سلمان اور یوسف عباس کے نام قابل ذکر ہیں جبکہ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو بھی لاہور ایرپورٹ تک آنے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔ قبل ازیں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ پی ایم ایل (این) نواز شریف کی پیرول کی میعاد میں توسیع کیلئے کوشاں ہے لیکن پارٹی کے ہی ایک قائد تنویر حسین نے ایسی رپورٹس کی تردید کی اور کہا کہ نواز شریف نے اپنی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز کے چہلم تک پیرول پر رہائی کی کوئی درخواست نہیں دی ہے۔