شریعت کے تحفظ کیلئے اتحاد ملت کی ضرورت

یونیفارم سیول کوڈ کے نفاذ کی مخالفت ۔ مفتی محمد مکرم احمد کا بیان

نئی دہلی ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( فیاکس ) : شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مذہب اسلام کی حقانیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی طرف سے سچا مذہب ہے جس میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے ۔ نیز اس مذہب میں سوسائٹی کے ہر طبقہ کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیفارم سیول کوڈ کی باتیں کی جارہی ہیں اس کے لیے امت میں اتحاد ضروری ہے ۔ خواتین کے ساتھ علماء اور عوام کے درمیان اتحاد کے ساتھ ہی اس سے تحفظ مل سکتا ہے ۔ شاہی امام نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ سیکولر جمہوری آئین کی پاسداری کرتے ہوئے یونیفارم سیول کوڈ کے نفاذ کی کوشش نہ کرے بھارت میں سات بڑے مذاہب کے ماننے والے رہتے ہیں اور یونیفارم سیول کوڈ سے سب ہی کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے جب سب مذاہب کے ماننے والے اور مسلمان اپنے مذہب اسلام کی پیروی سے خوش ہیں تو حکومت کو کچھ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ۔ غیر مسلم سوسائٹی میں ناجائز طور پر عورتوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنا عام بات ہے اور حد تو یہ ہے کہ کورٹ نے بھی لوان ریلیشن کی اجازت دے رکھی ہے کیا یہ عورتوں کے ساتھ انصاف ہے ؟ حال ہی میں ایک عدالت نے فیصلہ میں کہا کہ عورت کو اس کی مرضی سے ہی ہاتھ لگایا جاسکتا ہے کیا اس سے عورتوں کی عصمت کا تحفظ ہورہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی اور ملک کی خوشحالی اور ترقی کی طرف توجہ کرے ۔ مذہب اسلام اللہ کا دیا ہوا پیغمبر اسلام کے ذریعہ قرآن و حدیث پر مبنی سچا مذہب ہے ۔ اس میں کسی رد و بدل کی گنجائش نہیں ہے ۔ ہر مذہب کا احترام اور مذہبی آزادی کی ضمانت ہونی چاہئے ۔ بیف پر واویلا مچانے والوں کی مذمت کرتے ہوئے شاہی امام نے کہا کہ ناکارہ بیف جانوروں کے لیے حکومت اولڈ ایج ہوم بنادے اور گائے بھینسوں کی فروخت پر اور ایکسپورٹ پر پابندی لگادے اور اس پر قانونی کارروائی کو یقینی بنائے اور ان لوگوں کے خلاف بھی کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا جو بیف جانوروں کے بے سود اور بیمار ہوجانے کے بعد فروخت کردیتے ہیں یا اس کو یوں ہی آزاد چھوڑ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ادیبوں ، فلم کاروں اور مورخین جو احتجاج کررہے ہیں حکومت ان کی بے اطمینانی کو جلد دور کرے اور کسی خوش فہمی میں نہ رہے ۔ اسرائیلی جارحیت اور وہاں کیمروں کی تنصیب اور دیوار کھڑی کرنے کی کارروائی نیز نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ اور اندھا دھند گرفتاریوں کے خلاف بھارت ، یو این او اور عالمی بڑی طاقتوں کو آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ شاہی امام نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور حقوق انسانی کے تحفظ کے لیے اپیل کی ۔۔
سیمی کے ابوفیصل کو مجرم قرار دیا گیا
بھوپال ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سیمی کے ایک اہم قائد ابوفیصل کو آج ایک خصوصی عدالت نے 2009ء میں پولیس کانسٹیبل سیتارام یادو کے کھنڈوا میں قتل کا مجرم قرار دیا ۔ عدالت نے ان کی سزاء کی میعاد کا فیصلہ سنانے کیلئے کل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ انہیں قانون تعزیرات ہند اور اسلحہ قانون کی مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔