شراب و منشیات کے عادی افراد کی مؤثر اصلاح کی ضرورت

نئی دہلی۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج سماج میں شراب نوشی اور منشیات کی بڑھتی ہوئی لت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس لعنت سے چھٹکارہ دلانے کیلئے ایک موثر پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نشے کے عادی افراد کو بھی سماج کا باشعور اور ذمہ دار شہری بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صرف شرابیوں اور منشیات کے عادی افراد کو ان کی گندی عادت سے چھٹکارہ دلانا ہی نہیںہونا چاہیئے بلکہ اس ڈھنگ سے اصلاح ہونی چاہیئے کہ وہ سماج کے ایک کارکرد اور فعال شخص کی حیثیت سے سماج کا اہم حصہ بن سکیں ۔ شراب اور منشیات کی حد سے زیادہ عادت انہیں نہ صرف اپنے رشتہ داروں ‘د وستوں اور سماج میں غیر مقبول کردیتی ہے

بلکہ وہ اتنے کمزور ہوجاتے ہیں کہ سماج میں کوئی فعال کردار بھی ادا نہیں کرسکتے ۔ ’’عالمی یوم مخالف منشیات و غیر قانونی انسانی تجارت ‘‘ کے موقع پر شراب اور منشیات چھڑانے کے مقصد کے تحت کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو قومی ایوارڈس پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے خصوصی طور پر یہ بھی کہا کہ آج کا نوجوان طبقہ شراب اور منشیات کی جانب جلد راغب ہوجاتا ہے اور نوجوانوں کے لئے ہمیشہ سے اس لعنت میں مبتلا ہونے کے خطرات موجود ہیں جس کے تدارک کیلئے موثر پروگرام شروع کیا جانا چاہیئے ۔